ایران پاکستان تجارتی اور ثقافتی تعلقات بڑھانے پر تاکید

IQNA

ایران پاکستان تجارتی اور ثقافتی تعلقات بڑھانے پر تاکید

7:31 - April 30, 2023
خبر کا کوڈ: 3514208
ایکنا تھران: زاہدان اور کوئٹہ کے درمیان پرواز فوری شروع کرنے اور تجارتی تعلقات میں اضافہ کیا جائے گا۔ ایرانی سفیر اور گورنر بلوچستان میں اتفاق

ایکنا نیوز کی رپورٹ کے مطابق گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ سے جمعہ کے روز پاکستان میں تعینات ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند سے ملاقات کی. ملاقات کے دوران پاکستان ایران کے باہمی تعلقات، سرحدی تجارت بڑھانے کے نئے امکانات، کوئٹہ ٹو ایران فلائٹ سروس کی بحالی اور ریلوے لائن کی مکمل فعالیت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ پاک ایران سرحد پر چار بارڈر مارکیٹس کے قیام کا نیا منصوبہ معاشی انقلاب کیلئے ایک پیش خیمہ ثابت ہوگا. انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات قائم ہیں اور ہم دونوں برادر ہمسایہ ممالک اور سیستان اور بلوچستان کے خوشگوار باہمی تعلقات کو مزید بلندی تک لے جائیں گے. ایران کے ساتھ ہمارے تعلقات ہمیشہ خوشگوار رہے ہیں خاص طور سے ایرانی صوبہ سیستان اور صوبہ بلوچستان کے عوام کے مابین تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی ہم آہنگی دونوں ملکوں اور صوبوں کیلئے بنیادی اہمیت کے حامل ہیں. ہم ایک دوسرے کے ساتھ فعال تعاون کے ذریعہ ایک دوسرے کے مددگار بن سکتے ہیں.

انکا کہنا تھا  کہ سرحدی تجارت کے فروغ کے پیش نظر ہمسایہ ملک ایران کی مارکیٹ تک تاجروں کو رسائی دینے کی غرض سے انہیں آمدورفت اور نقل و عمل کی تمام سہولیات مہیا کرنے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے.

گورنر بلوچستان نے پاکستان کی تاجر برادری کو درپیش مشکلات سے ایرانی قونصل جنرل کو آگاہ کیا. انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک ایران تک موجود ریلوے لائن کو پوری طرح فعال کرنے اور اس کے مختلف شہروں تک پرواز کی بحالی کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان انرجی، پیٹرولیم اور تجارت کے شعبوں میں مزید تعلقات بڑھانے کے روشن امکانات موجود ہیں. آخر میں مہمانانِ گرامی کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ ہوا اور ایرانی قونصل جنرل نے گورنر بلوچستان کو صوبہ سیستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی.

نظرات بینندگان
captcha